کراچی : 3 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے, تشدد سے 2 ہلاک

ت

کراچی : اورنگی ٹاؤن میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 3 ڈاکو عوام ہتھے چڑھ گئے ، مشتعل عوام نے ہاتھ لگنے والے ڈاکوؤں کی دل کھول کر درگت بنائی ، 2 ڈاکو ہلاک ، ایک زخمی ہوگیا ، ہلاک و زخمی ہونے ہونے والے ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

علاقہ پولیس سے رابطہ کرنے پر ابتدائی طور پر واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا ، جمعہ کی شب ڈاکوؤں نے واردات کے دوران ایک دکاندار کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا ۔

پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14/C اویس پکوان ہاؤس کے قریب ایک دکان میں واردات کر کے فرار ہونے والے تین ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے ، مشتعل شہریوں نے تینوں ڈاکوؤں کو پکڑ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تینوں ڈاکوؤں کی حالت بگڑ گئی۔

اطلاع ملنے پر چھیپا ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کے کچھ لوگوں کے مدد سے ڈاکوؤں کو مشتعل عوام کے چنگل سے نکال کر ایمبولینس میں منتقل کیا جس کے بعد تینوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے دو ڈاکوؤں کی موت کی تصدیق کر دی جبکہ تیسرے ڈاکو کی جان بچانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

واقعے کے آدھے گھنٹے کے بعد بھی علاقہ پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ، ایس ایچ او پاکستان بازار کا کہنا تھا کہ انہیں اطلاع موصول ہوئی ہے تاہم اسپتال سے تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اسپتال منتقلی کے دوران دو ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے ۔

ایک ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے ، ہلاک اور زخمی ڈاکوؤں کے قبضے سے ایک تیس بور پستول بمعہ ایمونیشن ، مسروقہ سامان اور دو چھینی گئی موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

ہلاک و زخمی ہونے والے ڈاکوؤں نے جمعہ کی شب مزکورہ علاقے میں ایک کرنانہ اسٹور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا ، ہلاک و زخمی ملزمان نے شہریوں کے ہاتھ چڑھنے سے کچھ دیر قبل اسی علاقے میں واقعے ایک شادی ہال کے باہر سے اسلحہ کے زور پر ایک شہری سے موٹرسائیکل بھی چھینی تھی جو ملزمان سے ملنے والی دو موٹرسایکلوں میں سے ایک ہے ۔

ہلاک ملزمان کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے ان کی شناخت کی جا سکے ، مارے جانے والے ڈاکوؤں کی عمریں تقریباً 20 برس کے قریب لگتی ہیں جبکہ زخمی ہونے والے ملزم کی شناخت 25 سالہ اویس ولد کریم کے نام سے کی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: