کراچی: ڈیفنس کے علاقے 26 اسٹریٹ توحید کمرشل کے قریب سے ویگو گاڑی میں سوار نامعلوم افراد وکیل جبران ناصر کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام کی جانب فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا کا ایک ویڈیو بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں انھوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر جبران ناصر کے ہمراہ ڈنر کر کے واپس گھر جا رہی تھیں کہ راستے میں ایک بڑی گاڑی سفید ویگو نے ہماری گاڑی کو روکا اور اس میں سوار 15 افراد جو کہ مسلح تھے اور وہ زبردستی میرے شوہر کو لیکر چلے گئے۔
جبران ناصر کی اہلیہ نے اپنے بیان میں اپیل کی ہے کہ میرے شوہر کے لیے آواز اٹھائی جائے اور دعا کریں کہ جبران ناصر واپس جلد گھر واپس آجائیں۔
کچھ دیر پہلے میرے شوہر جبران ناصر کو پندرہ کے قریب مسلح لوگ اٹھا کر لے گئے ہیں ۔ اہلیہ منشا پاشا کا ویڈیو پیغام@MJibranNasir@manshapasha#JibranNasir #humanrightsactivist pic.twitter.com/kJJvnKWJV6
— Siasat.pk (@siasatpk) June 1, 2023
اس حوالے سے جبران ناصر کے ذاتی معاون لک وکٹر نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تمام افراد سادہ لباس تھے جبکہ واقعہ کی اطلاع مدد گار 15 پولیس کو دیدی گئی ہے اور اس حوالے سے کلفٹن تھانے میں جبران ناصر کی اہلیہ کی جانب سے واقعہ سے متعلق اور شوہر کی بازیابی کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے ۔
اُدھر جبران ناصر کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر رہائی کے لیے ایک ہیش ٹیگ #ReleaseJibranNasir شروع ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے جبران ناصر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اُن کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔