پاکستان بھر کے بازار اور دکانیں یکم جولائی سے رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے بازار اور دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کی منظوری دے دی، جس پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ صوبے اس حکم پر عمل درآمد کروانے کے پابند ہوں گے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی تھی، شرکا نے تمام تر صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد یکم جولائی سے رات 8 بجے تمام دکانیں بند کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ صوبے مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی پیداوار کا ہے، گھریلو صارفین کی طلب پوری کرنے کے لیے بازار رات کو جلد بند کرنے پر سب نے اتفاق کیا اور ہم اس حوالے سے مستقبل میں مزید اہم فیصلے بھی کریں گے۔

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کے فیصلے کی صوبائی وزراء اعلی نے بھی تائید کر دی، جس کے تحت پرانے بلب کی جگہ ایل آئی ڈی لائٹس لانے اور گرین انرجی منصوبے پر عملدرآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزرائے اعلیٰ نے فیصلہ کیا کہ توانائی پالیسی لاگو کی جائے گی اور امپورٹڈ فیول بل کو کم کیا جائے گا، این ای سی نے فیڈرل فلڈ پروٹیکشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دے دی۔