حیدرآباد: سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں پیپلزپارٹی بلامقابلہ اپنا میئر اور ڈپٹی میئر لانے میں کامیاب ہوگئی ہے، جن کا نوٹی فکیشن الیکشن کمیشن نے بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق حیدرآباد سے میئر کے الیکشن میں کاشف شورو جبکہ ڈپٹی میئر کیلیے صغیر قریشی کامیاب قرار پائے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے میئر کے لیے منتخب کیے جانے والے امیدوار کاشف شورو نے اپنی کامیابی اور الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن سماجی رابطے کی سائٹ پر شیئر کیا۔
سندھ کے صوبائی وزیر اور پی پی رہنما سعید غنی نے حیدرآباد کے نومنتخب میئر اور ڈپٹی میئر کو بلا مقابلہ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
اُدھر بانی ایم کیو ایم نے حیدرآباد سے پیپلزپارٹی کے میئر اور ڈپٹی میئر کی کامیابی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کا سارا الزام اپنے پرانے اُن ساتھیوں پر عائد کردیا جو بائیس اگست کے بعد ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔
بانی متحدہ نے ٹویٹر پر طویل تحریر ’کسی بھی قوم میں غداری کاعمل اس قوم کے لئے انتہائی نقصان کاسبب بنتا ہے‘ کے عنوان سے تحریر لکھی۔
انہوں نے لکھا کہ ’آج TV پر یہ خبر دیکھ کرانتہائی دکھ پہنچا کہ حیدرآباد میں ایم کیوایم کے بجائے کسی دوسری سیاسی پارٹی کے میئر اورڈپٹی میئر بلامقابلہ منتخب ہوگئے اورایسا صرف ایم کیوایم کے بیشتر اراکین کی تحریک اور قوم سے غداری کی وجہ سے ہی ممکن ہوا۔ جبکہ میری موجودگی میں حتیٰ کہ میرے لندن میں جلاوطن ہونے کے بعد بھی حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر بلامقابلہ منتخب ہوتے تھے‘۔
بانی متحدہ نے مثال دیتے ہوئے لکھا کہ ’ ٹیپو سلطان اورسراج الدولہ جیسے بہادر حکمرانوں کی انگریزوں کےہاتھوں شکست کا سبب بھی” غداری ” ہی کا عمل تھا۔ 1857ء کی جنگ آزادی میں انگریزوں کے ہاتھوں شکست کے اسباب میں ” غداری ” کا عمل سرفہرست تھا اور آج مہاجر قوم کی شکست وریخت اورتباہ کن صورتحال میں ” غداری ” اورصرف ”غداری ” کاعنصر ہی شامل ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’اپنے ذاتی مفادات کے لئے تحریک کے چند بے ضمیر وں نے ہی غداری کاعمل کیا جبکہ قوم نے اجتماعی طور پر غداری کے عمل کے بجائے انتہائی وفاداری اورثابت قدمی کا ثبوت دیا اور آج تک دے رہی ہے، قوم کے ان میرجعفروں اورمیرصادقوں نے شہیدوں اوران کی قربانیوں کویکسر فراموش کردیا جن کی لا زوال قربانیوں کی ہی کی وجہ سے مہاجرقوم کے غداروں کوشہرت، نام ، مقام ملا، بلدیاتی ایوانوں، صوبائی اسمبلیوں اورقومی اسمبلیوں وسینیٹ کے ایوانوں کی رکنیت ملی۔
الطاف حسین نے کہا کہ صوبائی وقومی سطحوں پر وزارتیں ملیں مگر افسوس کہ ان غداروں نے قوم کا احسان ماننے کے بجائے قوم کی اجتماعی قربانیوں کویکسر بھلادیا۔ میں مہاجرقوم سے محبت کرنے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صبرسے کام لیتے ہوئے اپنااتحاد برقرار رکھیں اورقوم کے غداروں کے قریب جانے سے عمل کوگناہ ِکبیرہ جانیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ ایک نہ ایک دن قوم کی فتح ضرور ہوگی اور مہاجرقوم کوشکست وریخت اورتباہ کن صورتحال سے دوچارکرنے والے ان غداروں کو قوم کبھی بھی معاف نہیں کرے گی اورانہیں ہرجگہ ذلت ورسوائی کا سامنا کرناپڑے گا۔
بانی ایم کیو ایم نے لکھا کہ میں آخرمیں اللہ تعالیٰ سے دعاکرتاہوں کہ وہ مہاجرقوم کو ان غداروں سے نجات دلائے اورمہاجرقوم اوران کی آنے والی نسلوں کوکامیابی وکامرانی کے ساتھ باعزت زندگی عطافرمائے۔