کراچی، مردہ مرغیاں ہوٹلوں پر سپلائی کرنے والا ڈرائیور گرفتار

اسٹیل ٹاؤن پولیس نے نیشنل ہائی وے کے قریب چیکنگ کے دوران مردہ مرغیاں سپلائی کے لیے لیجانے والی سوزوکی پک اپ کو پکڑ کر اس میں رکھے گئے بوروں سے 200 کے قریب مردہ مرغیاں برآمد کر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا.

مردہ مرغیاں ڈسٹرکٹ ملیر کے مختلف علاقوں کی ہوٹلوں کو سپلائی کی جانا تھیں جو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پکڑ لیں.

اس حوالے سے ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن نند لال نے بتایا کہ سب انسپکٹر یار محمد کی سربراہی میں پولیس پارٹی خفیہ اطلاع پر نیشنل ہائی وے سومار گوٹھ موڑ کے قریب گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھی کہ اس دوران گھارو سے کراچی آنے والی سفید رنگ کی سوزوکی پک اپ رجسٹریشن نمبر کے ڈبلیو 3443 کو روک کر اس کی تلاش لی تو عقب میں رکھے ہوئے بوروں سے مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں جس پر پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور رضوان کو گرفتار کر کے تھانے منقتل کر دیا اور اس کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

نند لال نے بتایا گرفتار ڈرائیور نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ برآمد کی جانے والی مردہ مرغیاں ڈسٹرکٹ ملیر کے مختلف علاقوں گلشن حدید ، اسٹیل ٹاؤن اور ملیر سٹی سمیت ملحقہ علاقوں میں قائم ہوٹلوں پر سپلائی کی جاتی ہیں جبکہ مردہ مرغیاں مختلف پولٹری فارمز سے جمع کر کے کراچی سپلائی کی جاتی ہیں۔

 واضح رہے کہ چند ہفتے قبل عوامی کالونی پولیس نے بھی مردہ مرغیوں سے لدی ہوئی مال بردار گاڑیوں کو پکڑ کر متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا اور ان گرفتار ملزمان نے بھی یہی انکشاف کیا تھا کہ وہ مردہ مرغیوں کو نیشنل ہائی وے پر قائم مختلف ہوٹلوں پر سپلائی کرتے ہیں تاہم پولیس اب تک ان ہوٹلوں تک پہنچنے سے قاصر رہی جو یہ مردہ مرغیاں خریدتے ہیں ، چند روپوں کے مالی فائدے کی خاطر مردہ مرغیاں خرید کر شہریوں کو کھلانے والے ضمیر فروشوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جائے ۔