نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ ٹرانزیشن افسران کو جلد ختم کرکے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں کراچی سے تعلق رکھنے والے مختلف ٹائونز چیئرمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کرنے والے چیئرمینز میں چنیسر ٹائون کے فرحان غنی، سہراب گوٹھ ٹائون کے لالہ رحیم، اورنگی ٹائون کے جمیل ڈاہری، صفورا ٹائون کے راشد خاصخیلی، ملیر ٹائون کے جان محمد بلوچ اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر مختلف ٹائونز چیئرمین نے انہیں درپیش مسائل بالخصوص ٹائونز میں ترقیاتی کاموں میں درپیش مسائل اور عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم سے قبل جلسوں اور مساجد کے اطراف سڑکوں کی استرکاری اور اسٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی سمیت دیگر سے نگران صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔
چنیسر ٹائون کے چیئرمین فرحان غنی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ملازمین کی تاحال تنخواہوں کی عدم فراہمی مشکلات بن رہی ہیں۔ اس وقت ٹرانزیشن افسران کے باعث ٹائونز میں عوامی کام ٹھپ ہوگئے ہیں۔
ٹائونز چیئرمین نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ عید میلادالنبی کی آمد ہے اور اس سلسلے میں علاقہ کی مساجد کے اطراف روڈ کارپیٹنگ اور اسٹریٹ لائٹس لگوانے کے لیے فنڈز درکار ہوں گے۔
نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے تمام ٹائونز چیئرمین کو درپیش مشکلات اور ان کے تحفظات کو سنا اور کہا کہ تمام یونین کونسلز اور ٹائونز کو ملنے والی او زی ٹی شئیر اور ترقیاتی کام کی رقم صاف اور شفاف طریقے سے استعمال ہو اس کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ٹائونز کو اختیارات کیوں منتقل کیے اس کا مجھے علم نہیں البتہ جب تک موجودہ نگران حکومت ہے ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کے منتخب نمائندوں کو کوئی مشکلات درپیش نہ ہوں۔
مبین جمانی نے کہا کہ ٹرانزیشن افسران کو جلد ختم کرکے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ مبین جمانی نے کہا کہ کراچی کے تمام ٹائونز میرے لئے اہمیت کے حامل ہیں۔ میری کوشش ہوگی کہ تمام ٹائونز اور یوسیز کے اپنے اپنے دفاتر ہوں اس کے لئے کام کررہے ہیں۔
مبین جمانی نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ عوام کے منتخب نمائندے عوام کے لیے کام کریں۔ انہون نے کہا کہ ڈی ایم سی ایسٹ کی تنخواہوں کا معاملہ آئندہ ایک سے دو روز میں حل کردیا جائے گا اور آئندہ ماہ سے ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا ہوں اس کے لئے ہدایات دے دی ہیں۔
مبین جمانی نے کہا۔کہ ہم نے پورے صوبے کے ایسے افسران کی فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایات دی ہیں جو ایک ہی جگہ پر ڈیڑھ سال یا اس سے زائد عرصہ سے موجود ہیں۔
عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے درکار فنڈز کے مطالبہ پر نگران صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ عید میلادالنبی کے حوالے سے ہر ٹائونز کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مبین جمانی نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں اگر صوبے اور محکمہ رکاوٹ ہے تو اس کا ہم خاتمہ کرکے اختیارات منتخب نمائندوں تک ہر صورت منتقل کریں گے۔
