معشوق کا غربت کا طعنہ: وہاڑی کے نوجوان کی کراچی میں 6 کروڑ سے زائد کی ڈکیتی

شہر قائد کے علاقے کورنگی میں کیش وین لوٹنے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق وہاڑی کے رہائشی عاشق کو اس کی محبوبہ نے غربت کا طعنہ دیا جس پر زوہیب نے راتوں رات امیر بننے کا فیصلہ کیا اور کراچی کا رخ کیا۔

ملزم نے نجی بینک کی کیش وین لوٹی جس میں 6 کروڑ 35 لاکھ روپے تھے، زوہیب واردات کے بعد رقم لے کر اپنی محبوبہ کے پاس گیا تو اس نے دوسری جگہ پر شادی کرلی۔

تفتیشی حکام کے مطابق عشق نے مجنوں کو ڈاکو بنادیا نجی سیکیورٹی کمپنی کا ملازم زوہیب 10 ماہ سے کراچی میں نوکری کررہا تھا اور دو ماہ قبل نوکری چھوڑ کر شادی کرنے وہاڑی گیا تھا، گھر پہنچ کر پتہ چلا جس لڑکی سے پیار کرتا تھا اس نے کہیں اور شادی کرلی ہے۔

محبت چھن جانے پر زوہیب کراچی واپس آیا اور اسی سیکیورٹی کمپنی میں دوبارہ ملازمت کرلی، 19 ستمبر کو زوہیب کورنگی میں نجی بنک کی کیش وین لوٹ کر فرار ہوگیا تھا۔

ملزم کے رشتے داروں نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ زوہیب محبت میں ناکامی پر ڈاکو بنا ہے۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ کمپنی سے ریکارڈ نکلوا کر ملزم کی گرفتاری کیلیے ایک درجن سے زائد چھاپے مارے مگر زوہیب ہاتھ نہیں آیا۔

ذرائع کو ملنے والی اطلاع کے مطابق زوہیب کے اہل خانہ بھی اس کی لوکیشن سے لاعلم ہیں، 6 کروڑ 35 لاکھ کی واردات کے مرکزی کردار زوہیب کی گرفتاری پولیس کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔