مائیکروسوفٹ نے اپنے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 11 کے لیے اپ ڈیٹ جاری کردی ہے جس میں 150 نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ اس اپ ڈیٹ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی ) سے لیس اسسٹنٹ بھی شامل ہے جسے ’ کو پائلٹ‘ کا نام دیا گیاہے۔
مائیکروسوفٹ کے مطابق اس اپ ڈیٹ سے بلٹ ان ایپس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی جس سے صارف اسی وقت میں اور زیادہ کام کرسکے گا۔
مائیکروسوفٹ نے ونڈوز 11 کے لیے اے آئی پر منحصر اسسٹنٹ ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب آخرکار اس پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ’ کوپائلٹ ‘ مصنوعی ذہانت سے کام لیتے ہوئے مختلف کاموں کی انجام دہی میں معاونت کرے گا۔
کوپائلٹ کے علاوہ ونڈوز 11 کے لیے جاری کی گئی اپ ڈیٹ میں پینٹ، اسنپنگ ٹول اور فوٹوز کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ آر جی بی لائٹنگ کے لیے سپورٹ فراہم کرنے کے ساتھ فائل ایکسپلورر کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے اور ان کے علاوہ متعدد دیگر فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
