کسٹم اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے آئل ٹینکر ڈرائیور جاں بحق

چئیرمین پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میرشمس شاہوانی نے فیول کی سپلائی پر مامورٹینکر ڈرائیور کی کسٹم اہل کاروں کے مبینہ تشدد سے ہلاکت کا الزام عائد کردیا۔

چئیرمین پاکستان آئل ٹینکرایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی نے الزام عائد کیا ہے کہ نادرن بائی کے لیے ایندھن کی سپلائی پرٹینکرلے کرجانے والے ڈرائیور بشیر احمد کوکسٹم اہل کاروں نے روکا اورتلاشی کے دوران اس پرالزام عائد کیا کہ وہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرائیورکے انکار اور مزاحمت پر اسے زبردستی گرفتار کرنے کی کوشش میں ابتدا میں ہاتھا پائی ہوئی، جس پرکسٹم اہل کاروں نے مزید نفری طلب کرکے ڈرائیور کو گرفتار کیا اور بعدازاں ان کے گھر والوں کو فون پراطلاع دی گئی کہ بشیراحمد کی لاش سردخانے میں موجود ہے۔

شمس شاہوانی کے مطابق پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا۔ بعدازاں آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بلاول ہاوس چورنگی پراحتجاج شروع کیا،جس کےدوران شمس شاہوانی کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعہ منگھوپیر کی حدود میں پیش آیا،جس میں ایک ڈرائیورکی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ دیگرتین لوگ زخمی ہیں۔


نوٹ : آپ ذرائع نیوز سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہنے کیلیے ہمارا واٹس ایپ چینل لنک پر کلک کر کے جوائن کرسکتے ہیں۔