خاتون سمیت 7 سیاسی مخالفین کے مبینہ قتل میں‌ ملوث ایم کیو ایم لندن کا کارکن گرفتار

انسداد دہشت گردی فورس کے شعبہ تفتیش نے خاتون سمیت 7 سیاسی مخالفین کے مبینہ قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے کارکن کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے خفیہ اطلاع پر لائینز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت 7 سیاسی مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا۔

انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رحمان قریشی عرف ببلو کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم رحمان قریشی نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ نارتھ کراچی کلنگ ٹیم کا ممبر رہا ہے اور متعدد سیاسی مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ کی، رحمان قریشی نے 2011 سے 2013 تک 7 افراد کو قتل کیا۔

چوہدری صفدر کے مطابق ملزم نے 2011 میں نیوکراچی میں دیگر ساتھیوں سمیت زبیرکو قتل کیا، نارتھ کراچی میں شاہ رخ عابد اور طلحہ کی ٹارگٹ کلنگ کی،  مرنے والے تینوں افراد کا تعلق مخالف پارٹی سے تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے سرجانی میں مخالف پارٹی کے کارکن حامد اور خاتون کو قتل کیا جبکہ خواجہ اجمیر نگری میں نامعلوم پٹھان کو گولیاں مار کر قتل کیا۔

چوہدری صفدر نے بتایا ہک متعلقہ تھانوں سے ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہےمذید تفتیش جاری ہے۔


نوٹ : آپ ذرائع نیوز سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہنے کیلیے ہمارا واٹس ایپ چینل لنک پر کلک کر کے جوائن کرسکتے ہیں۔