شہر قائد کے علاقے پاک کالونی میں نماز عصر کے بعد مسجد سے نکلتے ہوئے دو نمازیوں میں کندھا لگنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جو خونی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پرانا گولیمار مصری خان ولیج میں واقع افغان مسجد میں جھگڑے کے دوران فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، اس دوران ایک شخص راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت چالیس سالہ عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں کی شناخت عابد الرحمان، شیر اسد اور نعمان کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ایس ایچ او پاک کالونی کے مطابق 2 روز قبل بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود گئے تھے لیکن ان میں راضی نامہ کرا دیا تھا تاہم بدھ کی شام کو مسجد کے باہر دوبارہ کسی بات پر تکرا ہوگئی اور اس دوران ملزم مصطفیٰ نے فائرنگ کی تھی جسے پولیس نے اسلحے سمیت گرفتار کرلیا جبکہ دونوں گروپ آپس میں رشتے دار اور ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
