امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں جب تک مقامی پولیس کا تصور اور نظام قائم نہیں کیا جائے گا، جرائم کو کنٹرول اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ حاصل نہیں ہو گا۔ کراچی پولیس میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے اور کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم نے کہا کہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کراچی میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا اپنا بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں، کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسلح ڈکیتیوں میں صرف رمضان المبارک میں 11 شہری اپنی جان گنوا بیٹھے جبکہ رواں سال50 افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے اور ان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی، عید الفطر کے بعد فارم 47کی پیدوار زبردستی مسلط کی گئی حکومت اور جعلی مینڈیٹ کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعۃالوداع کو یوم القدس ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے پاکستان میں ”یوم القدس“منائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ سندھ میں نگراں حکومت کے دور میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے آپریشن اور کرپشن کے لیے قائم سسٹم کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر عملاً کیا ہوا صورتحال سب کے سامنے ہے، ڈاکو راج بھی قائم ہے اور سسٹم بھی کام کر رہا ہے اور وہ سسٹم جو پہلے سندھ میں تباہی پھیلا رہا تھا اب اسلام آباد میں جاکر بیٹھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ سکھر ملتان موٹر وے رات کو بند کر دی جاتی ہے، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا راج ہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنا جد ید اسلحہ ان تک کیسے پہنچتا ہے۔ اگر بارڈر سے یہ اسلحہ ان تک پہنچتا ہے تو بارڈر سیکوریٹیز کیا کر رہی ہیں اور کون ان کی سرپرستی کر رہاہے۔ کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں کے خلاف فوجی آپریشن کیوں نہیں کیا جاتا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، گیس کی قیمت میں گزشتہ سال نومبر میں 200فیصد اضافہ کیا گیا تھا، فکس چارجز اور ٹیکس بے تحاشہ بڑھا دیئے اور پھر جنوری میں 123فیصد اور فروری میں 67فیصد اضافہ کیا گیا، یہ ہیں آئی ایم ایف کے ایجنٹ اور امریکہ کے غلام حکمران جو عوام کی زندگی مشکل سے مشکل تر بنا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان، ڈپٹی پارلیمانی کونسل قاضی سید صدرا لدین، سکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی،نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہد موجود ہیں۔
