کراچی: نقیب اللہ قتل کیس کا مرکزی ملزم راؤ انوار پر خصوصی نوازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اُسے اب جیل سے ملیر کینٹ میں واقع عالی شان گھر میں منتقل کر کے نظر بند کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزم راو انوار کو کراچی منتقلی کے بعد ملیر کینٹ میں سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا تھا، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ سماعت میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم انکشاف ہوا ہے کہ انہیں جیل بھیجنے کے بجائے ملیر کینٹ منتقل کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے فوری بعد محکمہ داخلہ سندھ نے فون کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کو احکامات جاری کیے کہ راو انوار کو سیکیورٹی خدشات ہیں اس لیے ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دیاجائے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے ٹیلی فون پر ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا، ملیر کینٹ ملتان لائنز کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن آج عدالت کو موصول ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی تاہم پولیس نے راو انوار کو پیش کرنے کے بجائے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کردیا۔ جس میں کہا گیا کہ وہ بیمار ہیں جس کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
