کراچی: ایم کیو ایم ورکرز ایکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد پاشا نے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی کی ٹھاٹ باٹ دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے یہ کارکنان کی نہیں بلکہ وڈیروں کی رابطہ کمیٹی ہے۔
اتوار کے روز ورکرز ایکشن کمیٹی اور شہدا اسیر کے اہل خانہ سمیت کراچی پریس کلب پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وڈیروں کی رابطہ کمیٹی اور ایم کیو ایم سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔
شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایم کیو ایم میں سائیکلوں اور دو پٹی کی چپل میں آئے تھے وہ کروڑوں کے گھر او بڑی بڑی گاڑیوں کے مالک بن گئے جبکہ کارکنان کے گھروں پر آج بھی فاقے چل رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی میں 8 افراد کا ٹولہ کنور نوید، عامر خان، فیصل سبزاوری، عادل صدیقی، بابر غوری و دیگر نے پارٹی سے مال بٹورا اور کروڑوں روپے بنائے، یہ لوگ کارکنان کو بتائیں اتنا مال کیسے بنایا۔
شاہد پاشا کا مزید کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی میں موجود نااہل اور کرپٹ افراد نے ہمیشہ اپنی غلطیاں لندن پر ڈال کر اپنا دامن صاف رکھنے کی کوشش کی، ان لوگوں نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ اچھا رویہ نہیں رکھا۔
ایم کیو ایم کے سابق کنونیئر نے نئی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر خالد مقبول صدیقی کنونیئر ہیں تو وہ پارٹی کو آئین کے مطابق چلائیں، ڈاکٹر فاروق ستار کو دوتہائی جعلی اکثریت سے ہٹایا گیا اور انہوں نے دوبارہ جاکر ان ہی لوگوں سے اپنی کرسی اور دکان چلانے کے خاطر ہاتھ ملا لیا۔
ورکرز ایکشن کمیٹی کے کارکنان نے پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم بہادرآباد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
