کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ممبر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کچھ تاجر ہمیں انتخابی مہم کے لیے چندہ دینا چاہتے تھے مگر انہیں کہیں سے منع کردیا گیا۔
ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پر رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم انتہائی کسمپرسی کی حالت میں انتخابی مہم چلانے پر مجبور ہیں، جو لوگ بطور عطیہ چندہ دینا چاہتے تھے انہیں منع کردیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے ہمارے پارٹی جھنڈے، پوسٹر، بینرز اتارے اور پھاڑے جارہے ہیں، نگراں حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ڈگر پر چل پڑی وہ ازراہ کرم اپنا قبلہ درست کرے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے الگ اور ملک کے لئے الگ قانون ہے کیونکہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے الیکشن تک کسی بھی امیدوار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جبکہ نیب نے ہمارے امیدوار جاوید حنیف کو حراست میں لیا، جسٹس جاوید اقبال امیدوار کی رہائی کے فوری احکامات جاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کوپیپلز پارٹی پارٹی ٹو نہیں بنانا چاہیے، مردم شماری، حلقہ بندیوں پر ہمارے ساتھ پری پول ریگنگ ہوچکی، مگر انتخابی میدان کسی صورت خالی نہیں چھوڑیں گے اور ہر حلقے میں مقابلہ کریں گے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ کچھ جماعتیں ایم کیو ایم کومری ہوئی گائے سمجھ رہی ہیں، پیپلزپارٹی نےڈیڑھ ہزار ارب ہڑپ کیے اس کے مقدمات ختم کردیے مگر ہمارے امیدوار کو محض الزام کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا جس سے قانون کا فرق واضح ہوگیا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
