لاہور: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے 30 مفتیانِ کرام نے ووٹ دینے کو قومی فریضہ اور بدکردار شخص کو ووٹ نہ دینے کا شرعی عذر بیان کردیا۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر 30 مفتیانِ کرام نے اجتماعی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی گئی۔
مشترکہ اعلامیے میں عوام کو بتایا گیا ہے کہ ووٹ دینا فرض ہے البتہ کسی ایسے امیدوار کو ووٹ دینا گناہ اور قومی جرم ہے جو بدکردار ہے اور وہ صادق و امین بھی نہیں ہو۔
ووٹر کو مزید کہا گیا ہے کہ ایسا امیدوار جو اہل ہے اُسے ووٹ ڈال کر قوم کو مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے اور اسی میں قوم کی فلاح ہے، ووٹ مقدس امانت اور قومی فریضہ ہے جبکہ اگر عوام حق رائے دہی استعمال نہیں کریں گے تو اس میں من الحیث القوم بربادی کا خدشہ ہے۔
مفتیان کرام نے خواتین کو حق رائے دہی کے استعمال سے روکنے کو شرعی طور پر غلط اور قومی جرم قرار دیا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
