کراچی : ملک بھر میں 25 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو حق رائے دہی ووٹ کے یقینی بنانے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا) نے انتہائی اہم فیصلہ کیا۔
نادرا چیئرمین کی زیرصدارت کراچی میں انتہائی اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شناختی کارڈکے لیے درخواست دینے والوں کو کارڈ 25 جولائی سے پہلے قبل جاری کیا جائے۔
نادرا کی جانب سے یہ فیصلہ رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے ووٹ ڈالتے وقت شناختی کارڈ دکھانے کی شرط پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
چیئرمین نادرا عثمان مبین کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن افراد کے شناختی کارڈز کی میعاد ختم ہوچکی ہے وہ بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شناختی کارڈز کی چھپائی 24 گھنٹے جاری رہے گی اور اگر کسی فرد کے شناختی کارڈ ملنے کی تاریخ 25 جولائی کے بعد تھی تو بھی اسے پہلے کارڈ جاری کردیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کے حصول کی تمام نارمل درخواستوں کی کیٹگری بھی ایگزیکٹو میں تبدیل کردی گئی ہے اور متعلقہ کوریئر کمپنی کو بھی شناختی کارڈز کی ترسیل یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
16 جولائی سے پہلے دی گئی درخواستوں کو 25 جولائی سے قبل نمٹانے کی پوری کوشش کی جائے گی تاہم اس دوران 16 جولائی کے بعد دی جانے والی درخواستوں پر بھی کام جاری رہے گا۔
الیکشن والے دن بھی نادرا کے تمام دفاتر دوپہر دو بجے تک کھلے رہیں گے۔ وہ افراد جنہوں نے 16 جولائی کے بعد شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے درخواست دی ہے انہیں پرانا شناختی کارڈ اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ الیکشن والے روز کارڈ دکھا کر ووٹ کاسٹ کرسکیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد اس وقت 10 کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار ہے۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
