عامر خان کا پلان کامیابی سے جاری، ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما بھی مائنس

کرا چی: ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی اور بہادرآباد دھڑے نے فاروق ستار کو تنظیمی عہدوں کے بعد سیاست سے بھی فارغ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق  رہنما فاروق ستار کی الیکشن سے پہلے پارٹی کرسی گئی پھر وہ این اے 245 اور این اے 247سے الیکشن بھی ہار گئے اور اب بڑی سیاسی ملاقاتوں سے بھی غائب ہوگئے ہیں۔

جیو نیوز کےمطابق ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، پارٹی رہنما عامر خان ،وسیم اختر ، کنور نوید جمیل اور فیصل سبزوا ر ی کو لے کر بنی گالہ پہنچ گئے اور عمران خان سے 9 نکاتی معاہدہ بھی کرلیا۔

میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی سے جب فاروق ستار کی غیر حاضری کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی مسئلہ نہیں۔

میڈیا کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے وضاحت دی کہ فاروق ستار بھائی ہی نہیں ایم کیو ایم کے بہت سے ساتھی اسلام آباد نہیں آئے ،وہ سب کراچی میں ہیں۔

دوسری جانب ذرائع نمائندے کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے سامنے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی پر ہر صورت آواز اٹھاتے رہیں گے، اگر پارٹی قیادت نے کراچی کے نتائج قبول کرلیے تو وہ صرف اپنی دو نشستوں کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

قبل ازیں عید الفطر کی چاند رات کو فاروق ستار نے پی آئی بی دھڑا ختم کیا اور وہ رات گئے بہادرآباد پہنچے تھے، اُن کے پاس ابھی کوئی تنظیمی عہدہ نہیں ہے اور الیکشن ہارنے کے بعد وہ پارلیمانی سیاست سے باہر بھی ہوگئے جس کے بعد وہ سیاسی میدان سے بالکل مائنس ہوگئے۔


خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: