کراچی: کے پی ٹی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چائنا پورٹ کو سیر و تفریح کے لئے بند کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پورٹ کی حفاظتی دیوار تفریح گاہ نہیں ہے، نجی نیوز چینل کے مطابق کراچی میں چائنا پورٹ کو شہریوں کے لئے بند کردیا گیا ہے اور کے پی ٹی انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے بعد بوٹ بیسن تھانہ پولیس نے پورٹ پر دفعہ 144 کے نفاذ کا بورڈ بھی لگا دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق چائنا پورٹ پر شہریوں کی پابندی سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر لگائی گئی جب کہ پوائنٹ پر نازیبا اور مشکوک حرکات شروع ہوگئی تھیں۔

کے پی ٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چائنا پورٹ کی حفاظتی دیوار تفریح گاہ نہیں اور پورٹ پر کنکریٹ کے نوکیلے بلاکس نہایت غیر ہموار ہیں جس کے باعث یہاں آنے والے افراد کے سمندر میں گرنے کا خطرہ ہے اورسمندر کی گہرائی بہت زیادہ ہے اس لیے کسی بھی وقت کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے۔

دوسری جانب چائنا پورٹ پر آنے والے شہریوں نے پابندی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پہلے ہی تفریحی مقامات کم ہیں، اس طرح کی پابندیاں نہیں ہونی چاہیئیں، پابندی کے بجائے چائنا پورٹ پر حفاطتی انتظامات کئے جائیں۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
