کراچی: پیپلزپارٹی نے لیاری سے ووٹ نہ ملنے کے باوجود سندھ اسمبلی کی مخصوص نشست پر شازیہ کریم سنگھار کو رکن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کو ملنے والے اطلاعات کے مطابق لیاری گینگ وار کے کارندوں کا بلند عزم و حوصلے سے مقابلہ کرنے والی کچھی برادری کی خاتون نے تمام مظالم کے باوجود اپنی پارٹی سے وابستگی رکھی اور عوام کو بھٹو کے نظریے کی طرف راغب کیا۔
شازیہ کریم سنگھار کو لیاری کی بیٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو اسمبلی جاکر علاقے کے مسائل کے لیے آواز بلند کرے گی۔ مخصوص نشست پر ممکنہ منتخب ہونے والی رکن کا کہنا تھا کہ اپنے خاندان کی پیپلزپارٹی سے طویل رفاقت کے باعث ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اسمبلی میں پارٹی کی جانب سے نمائندگی ملنا باعث فخر ہے، بھٹو اور بے نظیر کے نظریے پر چلتے ہوئے لیاری کے عوام کا احساس محرومی دور کروں گی۔
واضح رہے کہ شازیہ کریم کے خاوند عبدالکریم سنگھار کی پیپلزپارٹی سے دیرینہ رفاقت ہے اور وہ طویل عرصے سے بطور کارکن اپنے امور سرانجام دے رہے ہیں جبکہ نومنتخب رکن اسمبلی دو بچوں کی ماں ہے۔
