تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستانیوں کو تارے دکھا دیے، بجٹ پیش

اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت کے وزیرخزانہ اسد عمر نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں بجٹ پیش کیا جس میں سگریٹ، موبائل فون، گاڑیوں اور تمام لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کا اعلان کیا گیا جبکہ کم سے کم پینشن 10 ہزار روپے کی تجویز بھی سامنے آئی۔

قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ معیشت کو استحکام، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہماری ترجیحات ہیں، ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نکالنا بھی ہماری ترجیح ہے، ارکان اسمبلی کی بجٹ تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مالیاتی خسارہ 6.6 فیصد تک پہنچ گیا تھا، معاشی طور پر ملک کو مشکل حالات کا سامنا ہے، توانائی کے شعبے میں گزشتہ سال ساڑھے 4 سو ارب روپے کا خسارہ ہوا، گیس کے شعبے میں 100ارب روپے سے زائد کے خسارے کا سامنا ہے، موجودہ صورتحال میں خسارہ 7.2فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ ملک پر بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، ملکی زر مبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک گر چکے ہیں، گزشتہ چند ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 20 روپےکمی آچکی ہے، روپے کی قدر میں کمی سے عام آدمی بری طرح متاثر ہوتا ہے، روپے کی قدر میں کمی سے عام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

وفاقی حکومت نے منی بجٹ میں وزیراعظم پاکستان،وزرا،گورنرز کو ٹیکس پر استثنیٰ ختم کردیا،قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم پاکستان، وزرا،گورنرز کو ٹیکس پر استثنیٰ ختم کردیا ہے ،ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم پاکستان وزراءاور گورنرز بھی عام پاکستانی کی طرح ٹیکس دیں گے ۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں وزیراعظم وزرا،گورنرز کو ٹیکس پر استثنیٰ حاصل تھا ہماری حکومت نے اہم سرکاری عہدوں کیلئے ٹیکس استثنیٰ ختم کر دیا ہے جس میں وزیراعظم وزرا،گورنرزبھی شامل ہیں،ان کا کہناتھا کہ اسمبلی ارکان کی مراعات پرٹیکس استثنیٰ ختم کیاجارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ خطرناک معاشی حالات سے نکلنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، ہمارا مقصد غریب اور متوسط طبقے پر بوجھ کم کرنا ہے، کسان کی آسانی کیلئے کھاد کی ترسیل بڑھارہے ہیں، وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا جائے، انصاف کارڈ کے تحت علاج کیلئے 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک اخراجات دیئے جائیں گے، مزدوروں کے لیے 10 ہزار گھروں کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔

اسد عمر نے اعلان کیا کہ امپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹی ٹیوٹ (ای او بی آئی) پنشنرز کی کم سے کم پنشن میں 10فیصد اضافہ کیا جارہا ہے، پٹرولیم لیوی ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، صنعتوں کیلئے 44 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کرچکے ہیں۔