اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اگر مودی دوبارہ بھارت کے وزیراعظم بن گئے یا بی جے پی نے اقتدار حاصل کرلیا تو مسئلہ کشمیر میں پیشرفت ممکن ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کانگریس حکومت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہوگی جبکہ مودی حکومت آرام سے مسئلے کو حل کرسکتی ہے۔
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ 1980 کے دوران جہادی تنظیمیں بنائی گئیں جن کو افغان جہاد اور سوویت یونین کی جنگ کے دوران استعمال کیا گیا، اب ہمیں اُن کی مزید ضرورت نہیں، مسلح عسکری تنظیموں کو ختم کرنے کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی الیکشن میں شکست کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں مزید فوجی کارروائی کرسکتی ہے، بھارت میں مسلمانوں پر حملہ کیا جاتا ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہناتھا کہ بھارتی اور اسرائیلی لیڈر اخلاقی طور پر دیوالیہ ، ووٹ کیلئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، یہ حکمران الیکشن جیتنے کیلئے کس حد تک جائیں گے، دونوں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اور بھارتی لیڈرز مغربی کنارے اور مقبوضہ کشمیر پر جبری قابض ہیں، مودی اسرائیلی وزیر اعظم کی طرح ڈر اور قوم پرست جذبات ابھار کر الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، بھارتی حملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمارے درختوں کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں ہم نے بھی ان کے پتھروں کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ملک کا پیسہ لوٹ کر باہر لے گئےاگر ان کا احتساب نہ ہوا تو پھر ملک کا کوئی مستقبل نہیں ، بلیک لسٹ ہونے کے متحمل نہیں ہوسکتے ،انہوں نے کہا ہے کہ اگر بھارت میں اگلی حکومت کانگریس کی ہوئی تو پاکستان سے مقبوضہ کشمیر پر معاہدہ ہونا مشکل ہوگا تاہم اگر بی جے پی جیت گئی تو شاید کشمیر مسئلے کا کوئی حل نکل سکے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود مودی کے بھارت میں کشمیر کے مسلمانوں اور عام مسلمانوں کے ساتھ اجنبیوں جیسا سلوک برتا جارہا ہے، انہوں نے بتایا کہ کئی سال پہلے بھارت کے مسلمانوں نے انہیں بتایا تھا کہ وہ وہاں خوش ہیں لیکن اب وہ بھی ہندو انتہا پسندوں سے پریشان ہیں، بی جے پی کا رواں ہفتے برسوں پرانا جموں و کشمیر کا خصوصی قانون جس کے تحت غیر ریاستی عناصر کو وہاں جائیداد کی خریداری کی اجازت نہیں ہے، کو ختم کرنے جارہی ہے یہ اعلان تشویشناک ہے تاہم اسے الیکشن جیتنے کا حربہ بھی قرار دیا جاسکتا ہے
بھارت کی اپوزیشن جماعتوں کی عمران خان پر تنقید
بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے عمران خان کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی بند کریں، اُن کا یہ بیان مودی کے حق میں جائے گا۔ اروند کیجرے وال کا کہنا تھا کہ خود کسی اور طریقے سے آنے والے اپنے دوست کی دوبارہ حکومت کے خواہش مند ہیں، دونوں رہنما پاک بھارت عوام کے دشمن ہیں۔
