پاکستانی اداکارہ صبور علی کے حوالے سے افواہیں زیر گردش تھیں کہ انہوں نے خودکشی کی کوشش کی تاہم انہیں اہل خانہ نے روک لیا جس کے بعد اداکارہ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اداکارہ صبور علی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ انہوں نے مبینہ طور پر خود کشی کی کوشش کی لیکن اب ان خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔ اداکارہ نے خود ایسی خبروں کی تردید کی اور انسٹاگرام پر ایک وضاحتی پیغام جاری کردیا۔
اداکارہ انسٹاگرام پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ان کی خود کشی کی کوشش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، فوڈ پوائزننگ اور پیٹ خرابی کی بیماری کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب وہ بالکل ٹھیک ہیں ساتھ میں انہوں نے کہا کہ ’’ میں ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے جلد صحتیابی کی دعاﺅں کے پیغامات بھیجے‘‘۔
صبور علی نے کہا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ بھی درخواست کرنا چاہیں گی کہ اس طرح کی غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں کیونکہ ذہنی صحت اور موت ایسے موضوعات نہیں ہیں جن کا مذاق اڑایا جائے۔ انہوں نے اپیل کی کہ برائے مہربانی اس طرح کی خبر پھیلانے سے پہلے دوسرے بندے کا بھی سوچ لیا کریں۔
