ڈی پورٹ پاکستانیوں کو واپس لینے سے انکار، امریکا نے پاکستان پر نئی پابندیاں عائد کردیں

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان پر نئی پابندیاں عائد کردیں کیونکہ حکومت نے امریکا سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کو  واپس لینے سے انکار کردیا تھا۔

حکام کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سیکڑوں شہری ویزہ زائد المعیاد ہونے کے باوجود رہائش پذیر ہیں جنہیں قانون کے تحت گرفتار کرکے  اُن کے ملک ڈی پورٹ کیا جارہا تھا البتہ پاکستان نے اُن شہریوں کو واپس لینے سے صاف انکار کردیا۔ امریکی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے ساتھ کونسلر آپریشن جاری رہے گا نئی تبدیلیوں کا اطلاق اُس پر نہیں ہوتا تاہم فیڈرل رجسٹر کی جانب سے 22 اپریل کو ایک نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس میں نئی عائد ہونے والی پابندیوں کا ذکر ہے۔

امریکی حکام ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس بھیجنا چاہتے ہیں اس ضمن میں دونوں ممالک کے سینئر حکام کا رابطہ بھی ہوا تاہم جب تک اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوتی پاکستان کو پابندی کا سامنا ہوگا۔

امریکا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان نے عملدرآمد نہیں کیا تو سرکاری حکام اور شہریوں کو مستقبل میں ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔

دوسری جانب امریکا نے اپنے شہریوں کو بھی متبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان جانے سے گریز کریں۔

امریکا نے ٹرمپ حکومت آنے کے بعد مہاجرین کی موجودگی اور اُن کی آمد کے حوالے سے سخت قوانین منظور کیے جن کا اطلاق شروع کردیا گیا، مذکورہ پاکستانیوں کو بھی اس ضمن میں ڈی پورٹ کیا جارہا ہے۔

گزشتہ برس وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے امریکا میں مقیم بھارتیوں کی بڑی تعداد کو ملک بدر کیا تھا۔