کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پی پی کے رہنما اور سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب اپنی حکومت کی کارکردگی دیکھے اور بتائے کہ حکومت نے کراچی پر کتنا پیسہ لگایا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر نے سندھ حکومت پر الزامات عائد کیے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مرتضٰی وہاب صاحب سندھ حکومت جو کراچی میں پیسہ لگاتی ہے وہ کراچی کا ہی پیسہ ہے، پیپلز پارٹی اردو بولنے والوں کو ہمارے سامنے لاکر کھڑا کر دیتی ہے اور وہ اپنی نوکری بچاتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مرتضٰی وہاب اور انکے گھر کی عزت کرتا ہوں مگر یہ سازش پیپلز پارٹی کے ہے کہ وہ اُن کو سامنے لے آتی ہے،مرتضٰی وہاب پورے سندھ میں کوئی ایک ماڈل یوسی دکھا دیں، سندھ حکومت کے ماتحت تمام ادارے تباہ حال ہیں۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ میں کے ایم سی کے ادارے تباہ کرنے کیلئے سندھ حکومت کو نہیں دوں گا، مرتضٰی وہاب صاحب دوسروں کو بولنے سے پہلے اپنی حکومت کی ناقص کارکردگی دیکھیں۔
میئر نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان وفاق سے کراچی کیلئے پروجیکٹس لیکر آئی ہے، مرتضٰی وہاب بتائیں کہ سندھ حکومت نے کراچی میں کیا کام کیا ہے، سندھ حکومت نے 10 سالوں میں صرف ٹھیکے بانٹے ہیں، کے ایم سی پانی کی فراہمی اور نکاسئ آب کے مسائل بھی حل کر رہی ہے۔
