ملتان سے تعلق رکھنے والی ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کے اہم ملزم اور کردار کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم مقتولہ کا سگا بھائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی پاکستانی ماڈل اور اداکارہ قندیل بلوچ کے بھائی عارف کو سعودی عرب سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا اور اُسے جلد وطن واپس لایا جائے گا۔ وکیل نگہت داد نے سوشل میڈیا پر خوش خبری سنائی کہ ملزم عارف قندیل قتل کیس میں نامزد ہے اور تین برس سے گرفتاری سے بچ رہا تھا کیونکہ وہ سعودی عرب میں مقیم تھا۔
انہوں نے اس گرفتاری کو خوش آئند اور اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عارف کا نام ایف آئی آر میں بھی درج تھا، اُسے ٹرائل کا سامنا کرنے کی پیش کش بھی کی گئی مگر وہ بچ رہا تھا اور وطن واپس نہیں آیا جس کے بعد انتظامیہ نے انٹرپول سے رابطہ کیا تو اُسے گزشتہ روز سعودی عرب سے انٹرول پول کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ عارف پر الزام ہے کہ اُس نے اپنے بھائی وسیم کو قندیل بلوچ کے قتل کے لیے اکسایا تھا، دوران تفتیش وسیم اس بات کا اعتراف بھی کرچکا ہے جس کے بعد پولیس کو عارف کی تلاش تھی۔
