مئیر کراچی وسیم اختر نے بعد ازمرگ اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ’آنکھیں عطیہ‘ کرنے کی مہم کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آئی بینک سوسائٹی کے زیر اہتمام آنکھوں کے اسپتال کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آنکھیں عطیہ کرنے کے حوالے سے علماء کا فتوی موجود ہے، عطیہ کرنے کا عمل مذہب میں جائز ہے اس لیے معاشرے کے دیگر افراد کو بھی بعد از مرگ آنکھیں عطیہ کرنے کے عمل میں شامل ہونا چاہیے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ آنکھیں عطیہ کرنا ایک اہم سماجی معاشرتی اور دینی ذمہ داری ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ اسپنسر آئی اسپتال میں پچھلے تین مہینوں کے دوران سری لنکا سے قرنیہ منگوا کر 7 مریضوں کو مفت قرنیہ لگائے جاچکے ہیں، اگر ہم مقامی سطح پر بھی قرنیہ جمع کریں تو یہ عمل زیادہ تیز اور زیادہ لوگوں کی بینائی بحال کر سکیں گے اور سری لنکا اور دیگر ممالک کی محتاجی بھی ختم ہوگی۔
