رمضان المبارک میں ٹی وی چینلز پر خصوصی نشریات نشر کی جاتی ہیں جس کے لیے انتظامیہ پہلے سے بھاری بجٹ مختص کرتی ہے اور پھر اشتہارات کے ذریعے دگنا فائدہ بھی حاصل کرتی ہے۔
ٹی وی چینلز پر پروگرام کے روحِ رواں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ہیں جو امسال پی ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن اور انعامی پروگرام کریں گے جبکہ گزشتہ تین برسوں سے تقریباً ہر ہی چینل پر یہ نشر ہوتی ہیں اور آپس میں بہت سخت مقابلہ بھی ہوتا ہے۔
ہر چینل کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ٹی آر پی کو بڑھائے جس کے لیے منفرد فارمیٹ کو متعارف کرایا جاتا ہے جبکہ علمائے کرام سمیت مذہبی شخصیات کو بھی مدعو کیا جاتا ہے، حیران کُن اور دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام شوز کی میزبانی شوبز سے وابستہ افراد ہی کرتے ہیں تاہم وسیم بادامی وہ واحد صحافی ہیں جو سارا رمضان ٹرانسمیشن کے ساتھ اپنا کرنٹ افئیر کا شو بھی کرتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں گزشتہ دنوں ایک قرارداد پیش کی گئی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ شوبز ستاروں یا متنازع شخصیات کے رمضان نشریات کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔ معروف اداکارہ اور ٹی وی ہوسٹ جگن کاظم نے اردونیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس قرار داد پر انتہائی افسوس ہے مگر وہ قانون کا احترام کرتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ “رمضان ٹرانسمیشن ہمارے لئے عبادت ہے میں اس مبارک مہینے میں میں اور کوئی کام نہیں کرتی ہوں،” ان کا کہنا تھا کہ زیادہ افسوس اس بات کا بھی ہے کہ ان کی روزی روٹی بھی اس شعبے سے وابستہ ہے اگر ایسا کچھ کرنا بھی تھا تو پہلے کرتے یا اگلے سال کر لیتے جنہوں نے اپنے اپنے کانٹریکٹ سائن کر لیے ہیں اور کوئی دوسرا کام نہیں پکڑا ان لوگوں کے ساتھ سخت زیادتی ہو گی۔
دوسری جانب صنم بلوچ پہلے ہی اعلان کرچکی ہیں کہ وہ اس سال کسی رمضان شو یا عید کے پروگرام کا حصہ نہیں ہیں انہوں نے اپنے مداحوں کو لکھا کہ اگر اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرتیں تو باضابطہ آگاہ کردیتیں۔