اسلام آباد: مریم نواز کی نا اہلی کی خواہش رکھنے والی تحریک انصاف کی خواتین اراکین اسمبلی کی اپنی ہی اہلیت خطرے میں پڑ گئی اور اُن کے سروں پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی۔
پی ٹی آئی ممبران اسمبلی ملائکہ بخاری اورکنول شوذب کی نااہلی کے لیے دائر درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے اس عمل کو اراکین اسمبلی کے خلاف پروپیگنڈا قرار دیا۔
پی ٹی آئی ممبران اسمبلی ملائکہ بخاری اورکنول شوذب کا نااہلی کیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق پیر کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا، عدالت نے تینوں ممبران قومی اسمبلی کے وکلاءسے دلائل طلب کر رکھے ہیں۔
لیگی اراکین نے تحریک انصاف کی دو ممبران اسمبلی کی اہلیت کو چیلنج کررکھا ہے، درخواست گزار کے مطابق دو کی دوہری شہریت ایک نے ہائی کورٹ میں غلط معلومات دیں تھیں، کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کنول شوزب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی پر غلط بیانی کی، درخواست گزار نے استدعا کی کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیاجائے۔
