عامر خان اور ٹیم متحرک، فاروق ستار کے بعد مائنس خالد مقبول صدیقی فارمولے پر عملدرآمد شروع ، متحدہ پاکستان میں ایک بار پھر اختلافات، رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی کنونیئر پھٹ پڑے ، وزیراعظم کی کراچی صوبے کی مخالفت کے بعد ایم کیو ایم کا وزارتوں سے چمٹے اراکین کی رکنیت ختم کرنے پر غور
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان میں ایک بار پھر آپسی اختلافات شدت اختیار کرگئے، وزیراعظم عمران خان کی کراچی صوبے کی مخالفت پر وزرا کے دلائل پر عامر خان برہم ہوگئے اور خالد مقبول کو قیادت سے سائٹ کرنے کا پلان ترتیب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق نئے صوبے کے قیام کے لیے ایم کیو ایم پاکستان مہاجر گرینڈ الائنس بنائے گی جس میں حقیقی، مہاجر اتحاد تحریک سمیت دیگر اردو بولنے والی تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کے اعلان کی حمایت کی تو عامر خان طش میں آگئے انہوں نے سخت سرزنش کی اور قیادت سے رضاکارانہ دستبردار ہونے کا مشورہ دیا جسے خالد مقبول نے مسترد کردیا، بیرسٹر فروغ نسیم اور خالد مقبول اپنی وزارتوں کے چکر میں حکومتی مؤقف کی تائید کررہے ہیں جس پر اُن دونوں کی عامر خان سے سخت سرزنش بھی کی۔
خالد مقبول صدیقی اور فروغ نسیم نے پارٹی میں موجود اپنے اپنے رابطے والے رہنماؤں کو صوبہ تحریک میں حصہ نہ ڈالنے کی ہدایت کی جبکہ رابطہ کمیٹی کے اراکین کو عامر خان نے پہلے ہی تیار کردیا کہ دو تہائی اکثریت سے خالد مقبول کا پتہ صاف کیا جانا ہے، دونوں وزرا کی عدم دلچسپی کے باعث عامر خان نے صدر مملکت سے بھی خود ہی ملاقات کی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عامر خان کا گروپ بہت مضبوط ہے جبکہ خالد مقبول نے بھی گروپ کو کمزور کرنے کے لیے اپنے لوگ آگے لانا شروع کردیے جس کے تحت پی ایس پی میں جانے والے لڑکوں کی واپسی شروع ہوگئی اور انہیں مرکزی سطح پر ذمہ داریاں بھی دی جارہی ہیں۔
