راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اپنی ٹیم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ میچ اور اسٹرائیک کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں کامیابی پر بھارتی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘ٹیم بھارت کی طرف سے پاکستان پر ایک اور اسٹرائیک اور نتیجہ وہی نکلا۔’
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سربراہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘بہترین کارکردگی پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہر بھارتی فخر محسوس کر رہا ہے اور متاثر کن کامیابی کی خوشی منا رہا ہے۔’
امیت شاہ ‘اسٹرائیک’ کے لفظ سے فروری میں دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان فضائی لڑائی کا حوالہ دے رہے تھے، جس کا آغاز 26 فروری کو بھارتی طیارے کی پاکستانی حدود میں مبینہ ایئر اسٹرائیک کے بعد ہوا تھا اور بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان میں ‘دہشت گردوں کے تربیتی مرکز’ موجود ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے امیت شاہ کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘محترم امیت شاہ، جی آپ کی ٹیم اچھا کھیلی اور کامیابی حاصل کی۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘دو مختلف معاملات کا ایک دوسرے سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، جیسا کہ اسٹرائیکس اور کرکٹ میچ۔’
Dear @AmitShah yes ur team won a match. Well played.
Two things with different denominators can’t be compared. So are strikes & match. If in doubt please see results of our Nowshera counter strikes & response to IAF violation on 27 Feb19 downing two Indian jets.
Stay Surprised. https://t.co/cY089VmYIe— Asif Ghafoor (@peaceforchange) June 17, 2019
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ‘اگر آپ کو شک ہے تو برائے مہربانی 28 فروری 2019 کو ہماری نوشہرہ کی جوابی اسٹرائیکس اور بھارتی فضائیہ کو جواب کا نتیجہ دیکھ لیں جس میں دو بھارتی لڑاکا طیارے گرائے گئے۔’
