راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گزشتہ رات ڈھائی بجے کے قریب تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹوں سمیت پانچ معاونین شہید ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیر کی رات آرمی ایوی ایشن کا ایک چھوٹا طیارہ معمول کی پرواز کے دوران راولپنڈی میں آبادی پر گرنے سے کم از کم 19 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، جہاز گرنے سے تین مکان جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ متعدد متاثر بھی ہوئے۔
نور خان ائیر بیس سے پرواز بھرنے والا یہ طیارہ راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو میں گر کر تباہ ہوا، یہ علاقہ بحریہ ٹاؤن فیز 7 کا مضافاتی علاقہ ہے جو ہاؤسنگ اسکیم میں شمار ہوتا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے حادثے میں دو پائلٹوں سمیت عملے کے پانچ افراد اور 13 شہریوں کی ہلاکت اور 12 زخمیوں کی تصدیق کی تھی۔
ضلعی حکومت کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے، جن میں سات خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق طیارے کے عملے کے پانچ اراکین کی لاشیں سی ایم ایچ جبکہ دیگر ہلاک شدگان میں سے چار کی لاشیں ڈی ایچ کیو، دس افراد کی لاشیں ہولی فیملی منتقل کی گئیں۔ آئی ایس پی آر نے ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں تعداد جاری کی ہے جس کے مطابق ہلاک ہونے والے عملے میں لیفٹنٹ کرنل وسیم (پائلٹ)، لیفٹیننٹ کرنل ثاقب (پائلٹ)، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔
https://twitter.com/schaheid/status/1156101596490674176?s=20
https://twitter.com/TheTalhaRajpoot/status/1156115031903428609?s=20
