کراچی: نیوز ون چینل کے مرحوم رپورٹر ایس ایم عرفان کی موت کے صدقے نیوز ون کے مالک طاہر اے خان نے ملازمین کی پانچ ماہ سے رکی تنخواہیں جاری کردیں، اب تو رونے کو آنسو بھی باقی نہیں رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اے آر وائی نیوز سے وابستہ صحافی فیض اللہ نے خبر دی کہ نیوز ون کے مالک نے رپورٹر کی موت کے بعد بڑے دل کا مظاہرہ کیا اور پانچ ماہ سے روکے گئے بقایا جات ادا کرنے کا حکم صادر فرما دیا۔
ذرائع کے مطابق ملازمین کو پیر تک واجبات ادا کردیے جائیں گے البتہ ابھی انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ پورے پانچ ماہ کی تنخواہ ایک ساتھ ادا کی جائے گی یا نہیں، البتہ ساتھیوں کو اس بات کا رنج ہے کہ ہنس مک اور محنت کش رپورٹر اب اُن میں نہیں رہا۔
ایس ایم عرفان کی موت کے صدقے نیوز ون کے مالک طاہر اے خان نے ملازمین کی پانچ ماہ سے رکی تنخواہیں جاری کردی ، اب تو رونے کو آنسو بھی نہیں بچے ۔۔۔۔ pic.twitter.com/qrwpgBt2Tu
— Faizullah Khan فیض (@FaizullahSwati) November 30, 2019
یاد رہے کہ نجی چینل نیوز ون کے کرائم رپوٹر عرفان کی ناگہانی موت کی خبر سن کر پاکستان کی صحافی برادری کچھ ایسے ہی جذبات کا اظہار کررہی تھی۔ مجھے خود یقین نہیں آیا کیونکہ ابھی کچھ دن قبل اپنی قریبی دوست کی شادی میں انہیں خوش باش دیکھا تھا۔ ان کے چہرے سے ظاہر ہی نہیں ہورہا تھا کہ وہ کن کٹھن حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سیلیفیاں بناتے ہوئے وہ اپنے دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف تھے۔
اس سے قبل فیض اللہ نے ہی ان کا آخری واٹس ایپ گروپ میں بھیجا کیا گیا مسیج شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ڈیئر سیلری! پلیز کم بیک ٹو سٹے ود می! آئی مس یو۔۔۔ اسی اسٹیٹس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ معاشی حالات کے ستائے ہوئے تھے اور ان مشکلات کی وجہ سے ان کے قلب پر بوجھ ہی اتنا ہوگیا تھا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جا ملے۔
کراچی میں اچانک دل کے دورے کے باعث انتقال کرجانے والے نیوز ون کے رپورٹر ایس ایم عرفان کا کل آنے والا واٹس ایپ پیغام ، کئی ماہ سے تنخواہ کا منتظر عرفان دو بچوں کا باپ تھا یہ واٹس ایپ میسج کوئی نیوز ون کے مالک طاہر اے خان تک پہنچا دے شاید تنخواہ مل جائے pic.twitter.com/23KQ1S2K3E
— Faizullah Khan فیض (@FaizullahSwati) November 27, 2019
