اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری کا اپنے آبائی علاقے اور حلقے کے لوگوں نے انڈے ٹماٹر مار کر استقبال کیا۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر جب اپنے آبائی علاقے پہنچے تو انہیں لوگوں کے بڑے مجمعے کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اس دوران چند لوگوں نے اپنے نمائندے کا استقبال ٹماٹر اور انڈے مار کر کیا ۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا پر بھی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عوام کالے رنگ کی گاڑی کو گھیرے کھڑے ہیں اور اُسے راستہ نہیں دے رہے۔
عوام نے گاڑی کے آگے کھڑے ہوکر مردہ باد کے نعرے بھی لگائے جبکہ انہوں نے انڈے اور ٹماٹر بھی گاڑی پر برسائے۔ وفاقی وزیر ڈرائیور ہجوم کو ہٹانے کے لیے گاڑی سے مسلسل ہارن بھی بجاتے رہے مگر وہ منتشر نہ ہوئے۔
یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں نور الحق قادری نے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر این اے 43 سے 33 ہزار 243 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کے مخالف آزاد امیدوار شاہ جی گل آفریدی نے 25 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔
