اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کرنل (ر) انعام الرحیم کی رہائی کا لاہور ہائی کورٹ کا حکم معطل کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں کرنل (ر) انعام الرحیم کی رہائی کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیے کہ کرنل (ر) انعام عملی طور پر جاسوسی کرتے رہے، وہ اکیلے نہیں بلکہ ان کا پورا نیٹ ورک موجود ہے، انہوں نے آئی ایس آئی اور جوہری پروگرام سمیت حساس معلومات افشا کیں اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی، ان کے نیٹ ورک کے کئی لوگ گرفتار ہوچکے ہیں جن میں سے ایک کو پھانسی بھی ہوئی، جبکہ مزید لوگ بھی گرفتار ہوں گے، دوران تحقیقات انہیں اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ بادی النظرمیں انعام الرحیم کیخلاف موادموجودہے، تحقیقات مکمل ہوتےہی انعام الرحیم کوقانونی معاونت فراہم کی جائے۔انعام الرحیم کے وکیل طارق اسد نے دلائل کیلئے مہلت مانگ لی جس پر سپریم کورٹ نے ان سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتےتک ملتوی کردی۔
