سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے بحیثیت سیاسی تجزیہ نگار میڈیا کیریئر کے آغاز کے چند ہفتوں بعد ہی سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی بول نیٹ ورک پر ایک ہفتہ وار شو کرنے جارہے ہیں۔
بول نیٹ ورک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک پروموشنل ویڈیو کے مطابق شو کا نام ‘پاکستان کھپے وِد صدر آصف علی زرداری’ ہے جو ہر اتوار کی رات ساڑھے 9 بجے نشر کیا جائے گا۔
شو کی پہلی قسط 19 مارچ کو نشر کی گئی جس میں آصف علی زرداری بلاول ہاؤس کراچی سے لائیو آن ایئر ہوئے اور اینکر کے سوالوں کے جواب دیتے نظر آئے۔
Watch “Pakistan Khappay with President Asif Ali Zardari” every Sunday at 9:30 PM only on #BOLNews #BOLPakistanKhappay@aalizardari pic.twitter.com/6EKY2I0PXK
— BOL NETWORK (@BOLNETWORK) March 19, 2017
سابق صدر نے عالمی منظرنامے میں پاکستان کو درپیش چیلنجز کا تذکرہ کیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت ابھی تک وزیر خارجہ کے تقرر میں ناکام رہی ہے۔
Highlights of today’s show “Pakistan Khappay with President Asif Ali Zardari” https://t.co/VQPqVvStzE#BOLPakistanKhappay@aalizardari
— BOL NEWS (@BOLNewsOfficial) March 19, 2017
شو کے دوران آصف علی زرداری نے پاک-امریکا تعلقات کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ‘اگر کوئی امریکا کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری لیتا ہے تو ان تعلقات میں بہتری آسکتی ہے’۔
جب ان سے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے حوالے سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیراعظم نواز شریف اس منصوبے کو سمجھ ہی نہیں سکے، یہ صرف سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ نہیں ہے’۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے شو ‘سب سے پہلے پاکستان وِد صدر مشرف’ کی پہلی قسط 26 فروری کو نشر ہوئی تھی، جس میں وہ دبئی سے اینکر کے سوالات دیتے ہوئے نظر آئے۔
پرویز مشرف کا شو اتوار کو رات 8 بجے نشر ہوتا ہے۔
بشکریہ ڈان نیوز
