ایم کیو ایم لندن کے خلاف کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بڑے آپریشن کا آغاز

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ورکنگ مکمل ہونے کے بعد کراچی اور سندھ بھر میں ایم کیوایم کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا، سندھ کے تمام بڑے شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تابڑ توڑ چھاپے مارے۔
ذرائع نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سانگھڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایم کیو ایم لندن سے وابستہ سیکڑوں کارکنان کو گرفتار کرلیا، سندھو دیش کی چاکنگ کرنے والے کارکنان بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آگئے۔
سیکیورٹی اداروں نے نائن زیر پر بھی ایکشن لیا اور تمام رکاوٹوں سمیت ہر طرح کے بیریئرز اکھاڑ ک رپھینک دیے، کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی ، لانڈھی اور گلشن معمار سمیت شہر بھر سے ایم کیو ایم کے کارکنان کی گرفتاریاں کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائیوں میں تیزی آنے کے بعد ایم کیو ایم لندن اور جئے سندھ قومی محاذ کی قیادت پریشان ہوگئی، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آئندہ چند روز میں بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا امکان ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر متحرک ایم کیو ایم لندن کے کارندوں کو بھی گرفت میں لایا جائے گا۔
