کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دعا منگی اور بسمہ سلیم کے اغوا سے متعلق مقدمے میں ملزم زوہیب قریشی کو پیش کرنے کے لئے پراڈکشن آرڈر جاری کردیئے۔
کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوسی عدالت کے روبرو دعا منگی اور بسمہ سلیم کے اغوا کیس کی سماعت ہوئی۔
تفتیشی افسر نے سرینڈر کرنے والے ماسٹر مائنڈ ملزم آغا منصور سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم آغا منصور نے فیروز آباد تھانے کے مقدمے میں عدالت کے روبرو سرنڈر کیا۔
عدالت نے ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ ملزم کو اغوا کے مقدمات میں بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس حراست سے فرار ہونے والے ملزم زوہیب قریشی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ پولیس حراست سے فرار ہونے والا ملزم کندھکوٹ سے مقابلے کے بعد گرفتار ہوا۔ ملزم سینٹرل جیل سکھر کی تحویل میں چانڈکا اسپتال میں زیر علاج ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم زوہیب قریشی کو پیش کرنے کے لئے پراڈکشن آرڈر جاری کردیئے۔ آئندہ سماعت پر ملزمان کی درخواست ضمانت پر وکلا سے دلائل طلب کرلئے۔
عدالت نے سماعت 4 جنوری تک ملتوی کردی۔
