کراچی :بختاور بھٹو زرداری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پچھلے 15 برس میں ہائی سکول مکمل کرنے سے لے کر یونیورسٹی جانے اور گریجویشن مکمل کرنے تک بہت سے سنگِ میل عبور کئے،بچپن سے لے کر اپنے بچے کی پیدائش تک ہر یاد گار اور اہم لمحات پھر چاہئیں، وہ بڑے ہوں یا چھوٹے، خوشی کے ہو ں یا رنج کے، اس غم کو ہر بار ترو تازہ کر دیتے ہیں۔
آصفہ بھٹو نے والدہ کی یاد میں بلاگ لکھا ہے تاہم اس کی چند سطور ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ 15 سال گزر گئے اور زخم ابھی تک بھرا نہیں، پاکستان ابھی تک اپنی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کے چلے جانے سے پیدا ہونے والے خلا کو پر نہیں کر سکا۔
وزیرِ خارجہ کے منصب پر فائز پی پی پی کے موجودہ چیئرمین اور شہید بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید نے مجھے صرف چند مراعات یافتہ افراد کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کی خدمت کرنا سکھایا ہے۔
