لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم حکومت آئینی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے ۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں واپسی سے متعلق ا سپیکر کی پیشکش مسترد کر دی جبکہ فواد چودھری نے مہنگائی، معیشت کی تباہی،بجلی ،گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف آج سے احتجاجی تحریک شروع کر نے کا اعلان کر دیا ۔
لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت سینئر پارٹی قیادت کا اجلاس ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران نے رہنماؤں کو سینیٹر اعظم سواتی کے کیس کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے تناظر میں اجاگر کرنے کی ہدایت کی ہے،عمران خان نے سینیٹرز کو اعظم سواتی کیس اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے، پی ٹی آئی نے سینٹ کے فلور اور عدلیہ کے سامنے انسانی حقوق سے متعلق معاملات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا دو جنوری کو ہونے والا اجلاس موخر کر دیا گیا، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور ٹیکنوکریٹ حکومت کی افواہوں پر گفتگو ہوئی، اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفوں، وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ اور اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں رہنمائوں نے کہا کہ طویل مدت کا ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ قبول نہیں ہوگا۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا دوجنوری کو ہونے والا اجلاس موخر کر دیا گیا ،عام انتخابات جلد کرانے کے لئے وفاقی حکومت پر دبائو ڈالنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقا ت کے بعد سابق سپیکر اسد قیصر نے عمران خان کو ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔عمران نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ ناکام ہو چکا،ایوان کی کوئی حیثیت نہیں،8 ماہ میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، پی ڈی ایم ملک کو دیوالیہ اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے آئی ہے، ان کا مقصد اپنے خزانوں میں اضافہ کرنا اور کیسز ختم کروانا ہے۔
