کراچی: ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہےکہ کراچی میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت جاری ہے اورکےایم سی کے زیر انتظام 106 سڑکیں موٹر ایبل ہیں ،یہ بات انہوں نےسرجانی چورنگی، نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد، جیل چورنگی، چائناگراؤنڈکشمیرروڈ اور سہراب گوٹھ لوپ کادورہ کرتے ہوئے کہی، متعلقہ محکموں کےافسران بھی ہمراہ تھے۔
ایڈمنسٹریٹرکراچی نےکہاکہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت ترجیحات میں شامل ہیں کیونکہ اس شہرمیں بلاتعطل آمدورفت کے لئےسڑکوں کادرست حالت میں ہوناضروری ہے،رات کےاوقات میں ان سڑکوں کو روشن رکھنےکے لئےاسٹریٹ لائٹس بھی درست کی گئی ہیں اور مسلسل کام جاری ہے،سڑکیں موٹر ایبل ہونےاور اسٹریٹ لائٹ درست ہونےسےاسٹریٹ کرائم میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نےمتعلقہ چیف انجینئرزکو ہدایت کی کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں معیار کو ہرصورت میں برقراررکھاجائےتاکہ یہ سڑکیں دیرپاثابت ہوں،کراچی کی سڑکوں پرٹریفک کاشدیددباؤرہتا ہےاور ٹریفک کے دباؤ میں کمی اسی صورت ممکن ہے جب سڑکیں درست حالت میں ہوں،بعض مقامات پر یوٹرن تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور بعض سڑکوں کے ساتھ سروس روڈ کو بھی درست کردیاجائے تو مزید بہترنتائج نکلیں گے۔
انہوں نےکہا کہ صفورہ سے نمائش ریڈ لائن بس سروس کا تعمیراتی کام جاری ہے جس کےباعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، یہ ایک طرح سے شہر کی سرجری کی مانند ہے،ظاہر ہے کہ سرجری سے تکالیف کاسامنا کرنا ہوتا ہے لیکن اس کے بعد شہریوں کو سہولیات میسر آئیں گی اور لاکھوں افراد ریڈ لائن بس سروس سے استفادہ کریں گے،متعلقہ ادارے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کام کی رفتارتیزکریں اور اس پروجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کریں، اسی طرح گلستان جوہر میں جو ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ان کی رفتارکو بھی تیزکرنے کاکہا گیا ہے تاکہ کم سے کم مدت میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیاجاسکے۔
ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہاکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کاجائزہ لیتے ہیں تاکہ کام کی رفتاراور معیارکو جانچاجاسکے،جن سڑکوں کی استرکاری کردی گئی ہے ان کے دونوں اطراف پودے لگائے اور موسمی پھول لگائے جائیں گے تاکہ وہ بہتر اور دیدہ زیب نظر آئیں ۔
