کراچی : چیئر مین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی ہدایات پر کراچی کے فیلڈ اسٹاف نے غیر قانونی انڈین چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔
پیمرا ریجنل آفس کراچی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات اور پیمرا کے ماضی میں جاری کردہ نوٹسز کی روشنی میں کیبل آپریٹرز کے دفاتر کی اچانک انسپیکشن کے دوران چار کیبل آپریٹرز میسرز شارجہ کیبل نیٹ ورک ، میسرز کراچی کیبل سروسز، میسرز نیو سیلائیٹ کمیونیکیشن اور میسرز سٹار ڈیجیٹل کیبل نیٹ ورک کو پیمر اقوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا اور ان کے غیر قانونی چینلز کی ترسیل میں استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کر لیا۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مذکورہ کیبل آپریٹرز کو اظہار وجود کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے جن پر پیمر اقوانین کے تحت سزا کا تعین کیا جائے گا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیمرا غیر قانونی / انڈین چینلز کی تقسیم کار غیر مہذب مواد کی تقسیم کے حوالہ سے کوئی بھی رعایت نہیں برتے گی ۔
تمام کیل آپریٹرز کو ایک بار پھر متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی انڈین مواد اور انڈین چینلو کی نشریات بند کر دیں بصورت دیگر ان کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
