کراچی: لائن لاسزپورے کرنے کی کارروائی یا کوئی اورمہم،کے الیکٹرک نے ہفتے میں دو بارکراچی کی مختلف آبادیوں میں 12 گھنٹے مسلسل بجلی بند رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا۔
بلوچ کالونی اوراطراف کی آبادی میں بجلی کی بندش کیخلاف شہریوں نے شارع فیصل پراحتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا جس سے بلوچ کالونی سے صدر جانے والے ٹریک پرٹریفک معطل ہوگیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمرکالونی اوراطراف کئی گھنٹوں سےبجلی بند ہے جس سے پریشان ہوکراحتجاج کیا۔
دھرنے کی وجہ سے شہرسے ایئرپورٹ کی طرف جانیوالا ٹریفک بھی متاثرہوا جبکہ شہید ملت روڈ،ایکسپریس وے اوربلوچ کالونی برج پربھی ٹریفک جام ہوگیا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک روزانہ کی لوڈ شیڈنگ کےعلاوہ ہفتے میں دوبارمختلف علاقوں میں بغیرکوئی وجہ بتائے 12 سے 14 گھنٹے مسلسل بجلی بند کررہی ہے جسے ریکارڈ پربھی نہیں لایا جارہا،دھرنے کے بعد پولیس نے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرایا اورٹریفک بحال کرائی۔
