لاہور: الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ مقرر ہونے والے محسن نقوی نے چھوٹی عمر میں محنت اور لگن سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بہت سی کامیابیاں سمیٹیں۔
رپورٹ کے مطابق کم سنی میں ہی ماں باپ کی شفقت سے محروم ہوجانے والے سید محسن رضا نقوی نے ہمت اور حوصلے کو ہاتھ سے نہیں چھوڑا،محسن نقوی سونے کا چمچ لے کر پیدا نہیں ہوئے لیکن جہد مسلسل، ہمت، محنت و لگن سے کامیابیاں سمیٹتے چلے گئے، خاص و عام سب میں برابر کے مقبول ہیں۔
محسن نقوی 1978 کو لاہور میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل ہائی اسکول سے حاصل کی، گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کی،اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکی ریاست میامی کی اوہائیو یونیورسٹی سے صحافت میں ڈگری حاصل کی اور سی این این سے وابستگی اختیار کی،پاکستان لوٹے تو سی این این کے ریجنل ہیڈ بنا دئیے گئے،سی این این کی تاریخ میں سب سے کم عمر ریجنل بیورو چیف بننے کا اعزاز پایا، افغان جنگ کے دوران پرخطر رپورٹنگ میں اپنا لوہا منوایا،30 سال کی عمر میں میڈیا سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی جس کے بعد یکے بعد دیگرے 6 نیوز چینلز اور ایک اخباران کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔محسن نقوی کے ملک کی سرکردہ سیاسی شخصیات سے مضبوط تعلقات ہیں،وہ چودھری خاندان کے قریبی رشتہ دار ہیں اور آصف علی زرداری سے گہرا تعلق ہے، محسن نقوی کی اہلیہ ڈاکٹر جبکہ ان کے 4 بچے ہیں۔
