کراچی : حکمران اتحاد ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے معاملے پراختلافات کا شکارہوگیا،پی ڈی ایم کی اہم جماعت جے یوآئی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پرڈٹ گئی۔
آصف زرداری نے انفرادی امیدوارکی بجائے حکمران اتحاد کے مشترکہ امیدوارنامزد کرنیکی تجویزپیش کردی،مشترکہ امیدوارکی نامزدگی اورانتخابات میں شرکت کے حتمی فیصلے کیلئے آج (اتوارکو) مشاورت ہوگی،معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی خالی قومی اسمبلی کی نشستوں پرحکمران اتحاد میں شامل پیپلزپارٹی اورمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی طرف سے ضمنی انتخابات میں بھرپورحصہ لینے کے اعلان کے باوجود پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پرڈٹ گئے اورمسلم لیگ ن بھی دیکھو اورانتظارکرو کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
اتحاد میں شامل جماعتوں کی قائم کردہ مشترکہ وزارتی کمیٹی آج اتوارکو حکمران اتحاد کی قیادت کو مشترکہ امیدوارنامزد کرنے اورملکرضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے معاملے پراپنی تجاویز پیش کریگی جس پرمشاورت کے بعد حکمران اتحاد کی جانب سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ سامنے آنیکا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں نے ضمنی انتخابات میں شرکت کا فیصلہ کرنے کیلئے اختلافات کے باوجود مشاورت جاری رکھنے اورحکمران اتحاد میں اختلافات کا تاثرختم اورحکومتی اتحاد کی یکجہتی برقراررکھنے پراتفاق کیا ہے۔
