کراچی: تحریک انصاف کی جیل بھروتحریک سندھ میں کب شروع ہوگی،صوبائی قیادت تاحال تاریخ کا اعلان نہیں کرسکی ہے،19 فروری کوانصاف ہاؤس شاہراہ فیصل پرعوامی کیمپ لگاکرجیل بھروتحریک کا اعلان کیا گیا،پہلی گرفتاری کون دےگا،سندھ میں تحریک کہاں سے اورکب شروع ہوگی تاحال کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیاہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے 19 فروری کو کراچی میں شاہراہ فیصل پر کیمپ قائم کیا گیا تھا جہاں جیل بھروتحریک کے لیے پارٹی رہنماؤں اورکارکنان نے اپنے اپنے ناموں کااندراج کرایا۔
تحریک انصاف سندھ کے صدرعلی زیدی نے اعلان کیا تھا کہ کراچی میں عوام کی بڑی تعداد جیل بھرو تحریک کے تحت سینٹرل جیل کراچی کا رخ کرے گی اورگرفتاریاں پیش کرے گی تاہم دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے سلسلہ میں گرفتاریاں دینے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کوکراچی کی جیلوں کی بجائے صوبے کی مختلف ضلعی جیلوں میں بھیجنے کے اعلان کے بعد کراچی میں جیل بھروتحریک میں گرفتاریاں دینے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اورکارکنان کے جذبات پراوس پڑگئی ہے۔
19 فروری کو کراچی کےساتوں اضلاع کے الگ الگ رجسٹریشن کیمپ شاہراہ فیصل پر لگائے گئےتھے کراچی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور خواتین نے بڑی تعداد نے اپنے متعلقہ اضلاع کے کیمپ پرجیل بھرو تحریک کے لیے رجسٹریشن کروائی اور کارکنان کے ساتھ ساتھ پارٹی قیادت اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت کراچی کے شہریوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کی رجسٹریشن کے عمل میں کارکنان بے حد پر جوش ہیں تاہم سندھ میں یہ تحریک کب شروع ہوگی استفسارکے باوجود پی ٹی آئی رہنما خاموش ہیں۔
