کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے حکیم سعید قتل کیس میں بری ہونے والے سید اعزاز الحسن کی بازیابی سے متعلق درخواست پر جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس حکام سے جامع رپورٹس طلب کرلیں۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو حکیم سعید قتل کیس میں بری ہونے والے سید اعزاز الحسن کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سید اعزاز الحسن حکیم سعید قتل کیس میں بری ہوا۔ بنکاک سے واپسی پر سید اعزاز الحسن کو گرفتار کیا گیا۔ ایک ماہ بعد چھوڑ کر پھر واپس حراست میں لے لیا گیا۔
سید اعزاز الحسن 2017 سے لاپتہ ہے۔ 14 جے آئی ٹیز ہوچکیں لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ عدالت نے جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس حکام سے جامع رپورٹس طلب کرلیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاپتہ شخص کی تصاویر عوامی مقامات پر لگائی جائیں۔
لاپتہ سید اعزاز الحسن کی بازیابی سے متعلق موٹر اقدامات اٹھائے جائیں۔ عدالت نے فریقین سے 28 مارچ تک جامع رپورٹس طلب کرلیں۔
