کراچی : پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر،سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ہمیں ذرائع سے معلوم ہورہا ہے کہ یہ(حکومت) ماڈل ٹاؤن کی طرز پر کوئی مس ایڈونچر کرنا چاہ رہے ہیں،دو آئی جیز کو ٹیمیں بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں اور ایک انتہائی خطرناک پلان بنایا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ سیکرٹریٹ میں سینئر رہنماء فردوس شمیم نقوی اور بلال غفار کے ساتھی پریس کانفرنس کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ قابض حکومت کا نہ یہاں پیسہ ہے نہ ہی ان کی اولادیں یہاں ہیں،یہ ملک کو لوٹنے آئے تھے، یہ حکومت پاکستان کی سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ یہ پاکستان کو وہاں لے آئے ہیں جہاں سے واپسی کا راستہ مشکل ہے، لندن پلان فیل ہو چکا ہے۔ آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں،حالات کو ہر طرف سے ٹھنڈا کریں۔
ان کاکہناتھاکہ آئین واضح ہے کہ الیکشن کمیشن بلائے گا تو اداروں کو مدد کیلئےآنا ہے۔ قوم جس کو منتخب کرے وہ حکومت میں آجائے گا۔ اب سننے میں آرہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کےلئے قرارداد لائی جارہی ہے، ہوش کے ناخن لیں اور مریم صفدر کی باتوں میں آنا چھوڑ دیں۔ ملک کو مزید انتشار کی طرف نہ لے کر جائیں اور بروقت الیکشن کروائیں۔
علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ جو تماشہ لاہور اور اسلام آباد میں لگایا گیا وہ ساری دنیا نے دیکھا۔ دنیا بھر کی انسانی حقوق تنظیموں نے اس کی مذمت کی، آئے روز عمران خان پرنت نئے مقدمات بنتے ہیں،مقدمات کی سنچری ہو چکی ہے،عمران خان قوم کا وقار ہیں،انھوں نے ہمیشہ ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے،چوروں اور ڈاکووں کی حکومت نے ان کے ساتھ جو کیا وہ افسوس ناک ہے، جس شخص نے پاکستان کا نام روشن کیا اس کے ساتھ یہ سلوک سمجھ سے بالاتر ہے۔
