شارجہ : پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ پھر ناکام ہو گئی، افغانستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی پاکستان کو سات وکٹوں سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔
فضل حق فاروقی کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ شارجہ میں کھیلے جانیوالے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے افغانستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دے دیا، ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ پہلے ہی اوور میں 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ صائم ایوب صفر، عبداللّٰہ شفیق صفر جبکہ محمد حارث 9 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم سب سے کامیاب بیٹر رہے، انہوں نے 57 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ طیب طاہر 13، اعظم خان 1 ، کپتان شاداب خان 32 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے ۔ افغانستان کی طرف سے فضل حق فاروقی نے 2، نوین الحق، راشد خان اور کریم جنت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان نے 131 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
افغانستان کے اوپنر عثمان غنی 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، رحمان اللہ گرباز نے 44، ابراہیم زادران نے 38 رنز بنائے۔ نجیب اللہ زردان 23 جبکہ محمد نبی14رنز پر ناقابل شکست رہے ۔
پاکستان کی جانب سے زمان خان اور احسان اللہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔ پاکستان کے بیٹر عبداللہ شفیق مسلسل چار اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔
عبداللہ شفیق نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں بد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔عبداللہ شفیق 2020 میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو اننگز میں صفر پر آوٹ ہوئے۔ کم بیک کے بعد افغانستان کے خلاف دومیچوں کی دونوں اننگز میں بھی ڈک حاصل کیا۔اس سے قبل پاکستان کے محمد حفیظ مسلسل تین اننگز میں ڈک پر آؤٹ ہوئے تھے۔
