کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ اقتدار کیلئے بلاول زرداری اپنے نانا اور والدہ کی قربانی کا سودا کر چکے ہیں۔
بلاول کے خطاب پر رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ بھٹو کا نواسہ آج بھٹو کے آئین کو ٹھوکر مار رہا ہے،شہید محترمہ کے قتل کے بینیفشری آئین شکن بن چکے ہیں، جن کی الیکشن سے کانپیں ٹانگتی ہوں وہ بڑھکیں مارتے اچھے نہیں لگتے، اگر ملک میں دہشت گردی ہے تو اس سے فائدہ اٹھانے والی براہ راست پی پی ہے،بلاول کے والد آصف زرداری نے پیسے لے کرامریکا کو پاکستانیوں پر ڈرون حملوں کی اجازت دی، بلاول جس آمریت کی بات کر رہے ہیں تب ان کے نانا آمر کو ہاتھ باندھے یس باس کہتے تھے، آمروں کے جھولے میں پلنے والی جماعت( پی پی) کے سربراہ اپنا ماضی اور حال نہ بھولیں، جنہوں نے بینظیر بھٹو کی کردار کشی کی بلاول آج ان کے راج دلارے بنے ہوئے ہیں۔بلاول اور ان کے والد سندھ کے قزاق ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہاہےکہ ملک میں رجیم چینج آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے والا ہے، اس آپریشن کے بعد ایک سال کے دوران صرف ملک میں تباہی ہوئی، عوام نے اس دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، ضمیروں کی بولیاں لگتے دیکھیں. صحافیوں،سیاستدانوں،نوجوانوں پر جھوٹے مقدمات سے ہراساں کیا گیا،25 مئی کو اسلام آباد جانے والے کارکنان پر تشدد ظلم و جبر کیا گیا،حکومت اور پولیس نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائیں جس کی مثال نہیں ملتی،حکومت نے عوام پر اتنی شیلنگ برسائی کہ اب ان ہتھکنڈوں سے خوف کے بت ٹوٹ گئے، آج عوام جیلوں میں جانے سے بھی نہیں گھبراتے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کےعوام عمران خان کے ساتھ ہیں ،عمران خان کی لڑائی ذاتی مفاد کی نہیں اس ملک کے عوام کی ہے، عوام اس لڑائی میں اپنے لیڈر کے قدم بہ قدم ساتھ ہیں،یہ امپورٹڈ حکومت مفت آٹے کے نام پرعوام کو ذلیل کررہی ہے۔خرم شیر زمان نے کہا پی ڈی ایم حکومت جس طرح الیکشن سے بھاگ رہی ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ شکست کا خوف پی ڈی ایم پر طاری ہے، پاپا،پپو اورپھپھو کی پارٹی کی سیاست اپنے اختتام پر پہنچ چکی ہے۔
